کراچی: ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے سانحہ گل پلازہ آتشزدگی کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق عمارت میں آگ دو بچوں کے آگ سے کھیلنے کے باعث لگی۔
اپنے بیان میں ایس ایس پی عارف عزیز نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور وہ خود بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے۔ ان کے مطابق پولیس ٹیم 9 دن اور 9 راتیں مسلسل موقع پر تعینات رہی۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات میں بتایا گیا تھا کہ دو بچے آگ سے کھیل رہے تھے جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس نے دونوں بچوں کو طلب کرکے ان کے بیانات قلمبند کیے، جن میں بچوں نے اعتراف کیا کہ وہ آگ سے کھیل رہے تھے۔
کمیشن کے سربراہ کے سی سی ٹی وی ریکارڈ سے متعلق سوال پر ایس ایس پی نے بتایا کہ عمارت سے ملنے والی زیادہ تر ڈی وی آر جل چکی تھیں، تاہم بیسمنٹ سے ایک ڈی وی آر ملی جس میں کچھ ویڈیوز محفوظ تھیں۔ ویڈیوز میں ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر افراد کو عمارت سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔
ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق ان کی رائے میں آگ لگنے کی بنیادی وجہ بچوں کی جانب سے آگ سے کھیلنا تھی، جبکہ عمارت میں موجود سامان نے آگ کو تیزی سے پھیلنے میں مدد دی۔