دانش سکول کا مقصد امیر و غریب کا فرق ختم کرنا ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی بچے کا مستقبل اس کے والدین کی مالی حیثیت سے طے نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ہر ذہین بچے کو معیاری تعلیم حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتوں کے بل پر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔

اسلام آباد میں دانش اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولوں کا مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اور امیر و غریب کے درمیان تعلیمی فرق کم کرنا ہے۔

شہباز شریف نے طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں دکھائی جانے والی دستاویزی فلمیں اور طلبہ کی کامیابیوں کی کہانیاں حوصلہ اور امید پیدا کرتی ہیں۔

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس نے بچپن میں اپنے والد کو کھو دیا تھا اور مالی مشکلات کے باعث اس کی تعلیم جاری رکھنا مشکل تھا، تاہم اس نے ہمت نہیں ہاری اور ڈاکٹر بن کر انسانیت کی خدمت کے قابل ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ذہانت اور صلاحیت کسی مخصوص طبقے کی میراث نہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر بچے کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، چاہے اس کا تعلق امیر خاندان سے ہو یا غریب گھرانے سے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں خاندان کھیتوں اور کھلیانوں میں سخت موسمی حالات کے باوجود محنت کرتے ہیں، لیکن ان کے لیے گھر کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ ایسے خاندانوں کے لیے بچوں کی تعلیم اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر غریب خاندانوں کے ذہین بچے وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم رہیں، جبکہ صاحب ثروت خاندانوں کے بچے ملک کے بہترین تعلیمی اداروں اور بیرون ملک تعلیم حاصل کریں، تو یہ معاشرتی ناہمواری ہے۔ دانش اسکولوں کا قیام اسی فرق کو کم کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا۔

وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پنجاب میں دانش اسکولوں کے قیام کا منصوبہ 2010 میں شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد دور دراز علاقوں اور غریب خاندانوں کے ذہین بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 1947 میں پاکستان ہجرت کرکے آنے والے مسلمانوں نے اپنے گھر بار اور اثاثے چھوڑے، لیکن ان کی امید ایک ایسی سرزمین سے وابستہ تھی جہاں انصاف، میرٹ، محنت اور جدوجہد کو اہمیت حاصل ہو۔ آج ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ہم اپنے بزرگوں کے خوابوں کی تکمیل میں کہاں تک کامیاب ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ تعلیم اور ترقی کے مواقع کسی بچے کی دولت یا خاندانی پس منظر سے مشروط نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق مناسب مواقع ملنے پر محروم طبقات کے بچے نہ صرف اپنی زندگیاں بدل سکتے ہیں بلکہ ملک کی ترقی اور انسانیت کی خدمت میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تقریب میں طلبہ، والدین، اساتذہ، وفاقی وزرا، سفارت کاروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے