اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے نئے چینی سال 2026 کے موقع پر چینی قیادت، حکومت اور عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیا سال توانائی، ترقی اور استقامت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2026 میں پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی جائے گی اور پاک چین دوستی ہر موسم کی آزمودہ حقیقت ہے۔
صدر مملکت نے ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر چین کے اصولی مؤقف کو سراہا اور کہا کہ سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے علاقائی ترقی و روابط کا اہم ذریعہ ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے نئے چینی سال کے موقع پر صدر شی جن پنگ، چین کے عوام اور دنیا بھر میں موجود چینی برادری کو دلی مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ نیا سال دونوں ممالک کی آہنی دوستی اور عوام کی خوشحالی کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔