نجران : سعودی عرب کے علاقے نجران میں اے ایچ-6 آئی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں سعودی اتحادی فورس کے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ہیلی کاپٹر حادثے میں عملے کے 2 ارکان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔ تاہم انہوں نے حادثے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سعودی عرب پر حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ ان حملوں میں ہوائی اڈوں اور توانائی کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
تاحال حادثے کی مزید تفصیلات اور ہیلی کاپٹر کی پرواز کے مقصد سے متعلق کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔