کشمیر پاکستان کی شہ رگ، اس پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا، صدر مملکت

وہاڑی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے ایک انچ پر بھی کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سالمیت اور علاقائی مفادات کی حفاظت ہر حالت میں اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

اپنے عوامی خطاب میں صدر زرداری نے ملکی سیاسی اور اقتصادی حالات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی ایک مسلسل عمل ہے، جس میں مشکلات کے باوجود ریاستی ادارے اور عوام مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قیادت میں برداشت، لچک اور دور اندیشی ضروری ہیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

صدر نے زرعی شعبے کی مضبوطی اور پانی کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا اور کہا کہ کسان معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ملک کی پائیدار ترقی کا انحصار جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور کسانوں کو سہولتوں کی فراہمی پر ہے۔

انہوں نے مختلف صوبوں کی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ترقی کا عمل مسلسل جاری رہے۔

صدر زرداری نے عدالتی نظام کی مضبوطی کے لیے ججز کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی ذکر کیا اور خواہش ظاہر کی کہ آنے والی نسلیں موجودہ قیادت کو مثبت انداز میں یاد رکھیں۔

انہوں نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر علاقائی خطرات کا مؤثر جواب دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے