برازیل کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد کا جی ایچ کیو کا دورہ، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: برازیل کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات میں دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برازیلی وفد کی قیادت مسلح افواج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگویار فریرے نے کی۔

جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے پاکستان اور برازیل کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیل کے ساتھ دفاعی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ برازیلی مہمان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

برازیلی وفد کے سربراہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے اور دوطرفہ عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے