عمان کے وزیر خارجہ 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد: سلطنت عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچیں گے۔

دورے کے دوران اسلام آباد میں پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کریں گے۔

اجلاس میں پاکستان اور عمان کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

عمان کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور عمان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ دورے سے مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے