اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں معروف کمپنی ولی ٹیک نے سب سے زیادہ بولی دے کر فرنچائز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق نیلامی کے عمل سے قبل ملتان سلطانز کی بیس پرائس 182 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم سخت مقابلے کے باعث قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
نیلامی کے دوران پانچ بڑے بِڈرز کے درمیان بھرپور مقابلہ رہا جبکہ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی تقریب میں موجود تھے۔
ولی ٹیک نے شاندار بولی دیتے ہوئے ملتان سلطانز کو 2 ارب 45 کروڑ روپے میں خرید لیا، جس کے بعد ملتان سلطانز پی ایس ایل کی تاریخ کی مہنگی ترین فرنچائز بن گئی ہے۔
اس معاہدے کے ساتھ ہی ملتان سلطانز کی مالیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جو پاکستان سپر لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور تجارتی قدر کو واضح کرتا ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ معاہدہ پی ایس ایل کی عالمی سطح پر ساکھ، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور لیگ کی مضبوط ہوتی ہوئی برانڈ ویلیو کا مظہر ہے۔
کرکٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس ڈیل کے بعد پی ایس ایل میں مزید بڑی سرمایہ کاری کی راہیں کھلیں گی اور لیگ عالمی کرکٹ کی بڑی لیگز میں شامل ہونے کی جانب مزید مضبوط قدم بڑھائے گی۔