جاپان میں 7.1 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
جاپانی میڈیا کے مطابق ہلاکتیں ایک شاپنگ مال میں دھماکے کے باعث ہوئیں، جہاں کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ متاثرہ افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں سے کئی ٹرینیں پٹڑی سے اتر گئیں، جبکہ اہم شاہراہوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ مختلف مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ایک تاریخی قلعے کی دیوار بھی منہدم ہو گئی۔
جاپانی وزیراعظم کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان صوبہ کوماموتو میں ہوا، جہاں بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث تقریباً 48 ہزار افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 50 ہزار افراد کو احتیاطی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ زلزلے کے باوجود ایٹمی پاور پلانٹس محفوظ ہیں اور کسی بھی جوہری تنصیب کو نقصان پہنچنے کی اطلاع نہیں ملی۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔