امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بجلی گھروں اور پلوں پر حملوں سے گریز کرنا چاہتے ہیں،اس وقت ایران کے حوالے سے ہماری پوزیشن بہت مضبوط ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کا زیرِ زمین جوہری مقام ہمارے لئے کوئی بڑا مسئلہ نہیں، ابھی اس پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں، ایران کو معاہدوں کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ہم نے ایران کے ساتھ اچھی بات چیت کی، ایران کو تباہ کرنے کے بجائے معاہدہ کرنا بہتر ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کاکہناتھا کہ کبھی مذاکرات بہترین ہوتے ہیں کبھی ایران کہتا ہے بات نہیں کررہے، ایران کے معاملے پر ہمارا موقف انتہائی سخت ہے، بہت سے ریپبلکن رہنما چاہتے ہیں ایران کے خلاف فوجی کارروائی جاری رکھوں، اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو ہم دوبارہ کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوباما نے سمجھا تھا کہ وہ ایران کو رعایتیں دے کر اپنا دوست بنا لیں گے، اوباما کے ساتھ ڈیل کے بعد ایران نے جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کی،ایران جوہری ہتھیار نہیں بنانے پر متفق ہے، صرف معاہدے کو حتمی شکل دینی ہے، ایک سے دو گھنٹوں میں ایران کے بڑے پل تباہ کر سکتے ہیں۔