اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی سیکیورٹی کی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے مابین قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو انسداد دہشت گردی کے اداروں کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور دیگر عوامی خدمات کے فروغ کے لیے با اختیار ہے، اور وفاقی حکومت ہمیشہ خیبر پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے تعاون کرتی رہے گی۔ انہوں نے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، روزگار کے مواقع اور دیگر فلاحی اقدامات میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے وادی تیراہ میں جاری آپریشنز اور مقامی لوگوں کی نقل مکانی سمیت صوبے میں سیکیورٹی سے متعلق تحفظات پر وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں وفاق کے واجبات، ممکنہ احتجاج کے امور اور دیگر انتظامی مسائل پر بھی بات ہوئی۔
اس موقع پر وفاقی وزراء امیر مقام اور رانا ثناء اللہ کے ساتھ وزیراعلیٰ کے پی کے صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم بھی موجود تھے۔