کراچی میں امن و امان کے خدشات، 180 افراد 3 ایم پی او کے تحت نظر بند

کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے شہر میں ممکنہ امن و امان کی خرابی کے پیشِ نظر 3 ایم پی او کے تحت 180 افراد کو نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نظر بند کیے جانے والوں میں ضلع وسطی سے 24، جنوبی سے 21، شرقی سے 51، کیماڑی سے 23، کورنگی سے 22، ملیر سے 9 اور ضلع غربی سے 30 افراد شامل ہیں۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ فہرست میں شامل افراد سڑکیں بند کرنے، دھرنے دینے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کا سبب بن سکتے ہیں، جس سے عوام کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اسی خدشے کے تحت ان افراد کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

احکامات کے مطابق تمام نامزد افراد کو گرفتار کرکے ملیر جیل منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ پولیس پی ٹی آئی کارکنوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فہرست میں شامل کئی افراد کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور انہیں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

تاہم محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کسی بھی سیاسی جماعت، بشمول پی ٹی آئی، کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے