تہران: ایران، روس اور چین نے شمالی بحرِ ہند میں مشترکہ بحری مشقوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے، جن میں تینوں ممالک کی بحری افواج اس ماہ حصہ لیں گی۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ان مشقوں کو “میری ٹائم سکیورٹی بیلٹ” کا نام دیا گیا ہے، جن میں ایرانی بحریہ، پاسدارانِ انقلاب کی بحری یونٹس کے ساتھ ساتھ چین اور روس کی نیول فورسز شریک ہوں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشقوں کا بنیادی مقصد سمندری سلامتی کو مضبوط بنانا، ممکنہ خطرات اور حملوں سے نمٹنے کی تیاری کو بہتر بنانا اور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
تسنیم کے مطابق اس نوعیت کی مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز 2019 میں کیا گیا تھا اور اب تک سات مرتبہ ان کا انعقاد ہو چکا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور واشنگٹن نے خطے میں اپنا بحری بیڑہ بھی تعینات کر رکھا ہے، جس سے خطے کی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔