فورسز کی بڑی کامیابی، دو روز میں 108 دہشت گرد انجام کو پہنچا دیے گئے

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 12 مقامات پر ہونے والے دہشت گرد حملوں میں ملوث تمام 92 دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے، جبکہ ان کارروائیوں میں بھارت کے کردار کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

یہ بات وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں کہی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں نے منظم منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے، تاہم فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے آپریشن مکمل کر لیا اور تمام دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔

مشترکہ بیان میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو روز کے دوران مجموعی طور پر 108 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ آج ہونے والی جھڑپوں میں پولیس، فرنٹیئر کور اور پاک فوج نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن مکمل ہو چکا ہے، تاہم حتمی تفصیلات ابھی موصول ہونا باقی ہیں۔ انہوں نے گوادر کی لیبر کالونی میں بلوچ شہریوں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، کے قتل کی شدید مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے بھرپور ردعمل سے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا حوصلہ مزید پست ہوا ہے اور اب کسی مجرم کو نہیں بخشا جائے گا بلکہ ان کا تعاقب جاری رکھا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت جرات مندی سے صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مسلح عناصر نے صوبے بھر میں 12 مقامات پر حملے کیے تھے، جن کے جواب میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 67 دہشت گردوں کو فوری طور پر ہلاک کر دیا تھا، جبکہ بعد ازاں مجموعی تعداد 92 تک پہنچ گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے