تہران/تل ابیب: ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیل کی جانب میزائل فائر کر دیے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے متعدد میزائل اسرائیل کی طرف داغے گئے ہیں، تاہم اسرائیل کا فضائی دفاعی نظام ان حملوں کو ناکام بنانے میں مصروف ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل لانچ ہونے کا پتا چلتے ہی حیفا سمیت شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ممکنہ مزید حملوں کے پیش نظر فوجی اور دفاعی ادارے آئندہ چند گھنٹوں کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور فضائی دفاعی نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا گیا ہے۔یہ پیش رفت اتوار کے روز بیروت کے جنوبی مضافات پر اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد کے حوالے سے ابھی تک مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی حکام نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ لبنان کے دارالحکومت پر حملوں کا جواب دیا جائے گا۔ ایرانی قیادت نے واضح کیا تھا کہ خطے میں مزید جارحیت کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے بھی ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ لبنان پر حملے فوری طور پر بند کرے، بصورت دیگر اسے مزید تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق خطے میں عدم استحکام کی ذمہ داری اسرائیلی اقدامات پر عائد ہوتی ہے۔