عوامی ایکشن کمیٹی کے مالی معاونین ریڈار پر، کاروائی کا فیصلہ ہوگیا

اسلام آباد: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی مالی معاونت روکنے کے لیے سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

متعلقہ ادارے کالعدم تنظیم اور اس کے شناخت شدہ رہنماؤں کے اکاؤنٹس میں رقوم منتقل کرنے والوں کی منی ٹریل کا سراغ لگائیں گے اور مالی لین دین کا مکمل ریکارڈ جانچا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کو چندہ، عطیہ یا کسی بھی قسم کی مالی سہولت فراہم کرنا قانوناً قابلِ گرفت عمل تصور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بینک ٹرانسفرز، موبائل والٹس اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے ہونے والی مشکوک مالی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے منسلک مشتبہ اکاؤنٹس، فنڈ جمع کرنے والوں اور سہولت کاروں کی نشاندہی کا عمل جاری ہے، جبکہ کسی دوسرے نام، مہم یا عنوان کے تحت تنظیم کے لیے فنڈز اکٹھے کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ مالی ریکارڈ، اکاؤنٹ تفصیلات، ڈیجیٹل رسیدیں اور ٹرانزیکشن ڈیٹا قانون کے مطابق محفوظ کیا جا رہا ہے، جبکہ اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والی مشکوک رقوم کی بھی قانونی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کو مالی مدد یا سہولت فراہم کرنے والے افراد کو قانونی جوابدہی کا سامنا کرنا پڑے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی یا اس کے شناخت شدہ رہنماؤں کے اکاؤنٹس میں کسی قسم کی رقم منتقل کرنے سے گریز کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے