اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے تناظر میں ایک اہم سفارتی پیشکش کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈیڈ لائن میں توسیع کا مطالبہ کردیا
انہوں نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے جاری سفارتی کوششیں بتدریج، مضبوطی اور مؤثر انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں، اور قریبی مستقبل میں اس کے نتیجے میں ٹھوس پیش رفت کا امکان موجود ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ سفارت کاری کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریقین وقتی طور پر تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے خاص طور پر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی کہ وہ موجودہ ڈیڈ لائن میں دو ہفتوں کی توسیع کریں تاکہ مذاکراتی عمل کو مکمل ہونے کا موقع مل سکے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خلوص نیت کے ساتھ اپنے ایرانی بھائیوں سے درخواست کرتا ہے کہ وہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لیے کھول دیں، تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور اعتماد سازی کا ماحول پیدا ہو۔
انہوں نے تمام متحارب فریقین پر زور دیا کہ وہ دو ہفتوں کے لیے مکمل جنگ بندی کریں تاکہ سفارتی کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے کا موقع مل سکے اور خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی بنیاد رکھی جا سکے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات نہ صرف موجودہ بحران کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ طویل المدتی امن کے لیے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔