کراچی اور موہنجو داڑو کے درمیان "ایئر سفاری سروس” شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی: کراچی اور تاریخی مقام موہن جو دڑو کے درمیان "ایئر سفاری سروس” شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، جس کے ذریعے کراچی کی ساحلی پٹی پر موجود خوبصورت مینگرووز کا فضائی نظارہ کرایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے کراچی اور تاریخی مقام موہن جو دڑو کے درمیان "ایئر سفاری سروس” شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں سندھ ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور نجی ایوی ایشن کمپنی "اسکائی ونگز” کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایم ڈی سندھ ٹورزم کارپوریشن فیاض شاہ اور سی ای او اسکائی ونگز ایوی ایشن عمران اسلم خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس شراکت داری کا بنیادی مقصد فضائی سفر کے ذریعے سندھ کے تاریخی مقامات اور قدرتی حسن کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔

اس سروس کے ذریعے سیاحوں کو نہ صرف موہن جو دڑو کی قدیم تہذیب تک رسائی ملے گی بلکہ کراچی کی ساحلی پٹی پر موجود خوبصورت مینگرووز کا فضائی نظارہ کرایا جائے گا اور سندھ کی دھرتی کا فضائی حسن اور قدرتی مناظر دکھائے جائیں گے۔

ایئر سفاری کے لیے جدید "پائپر سنیکا” (Piper Seneca) طیارے استعمال کیے جائیں گے۔ایم ڈی فیاض شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "سندھ حکومت کے تعاون سے شروع ہونے والی اس سروس سے صوبے میں سیاحت کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

"دوسری جانب اسکائی ونگز کے سی ای او عمران اسلم خان نے اسے ایک بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ "سندھ حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے سیاحتی مقامات کو عالمی معیار کے مطابق متعارف کرانا ہمارا مقصد ہے۔”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے