امریکا اگر پیچھے ہٹ جائے تو اسرائیل ایران کے ڈیڑھ دن کی خوراک ہے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل ہی اصل ‘شیطان’ اور جنگ کا ذمہ دار ہے، امریکا اگر پیچھے ہٹ جائے تو اسرائیل ایران کے ڈیڑھ دن کی خوراک ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسرائیل کو خطے میں بدامنی اور حالیہ جنگ کا اصل ذمہ دار قرار دے دیا۔

رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو اہم امور پر بریفنگ دی ہے، جن کی تمام تفصیلات میڈیا سے شیئر نہیں کی جا سکتیں۔

تاہم، انہوں نے انکشاف کیا کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے اور جنگ بندی (سیز فائر) کے حوالے سے کوششیں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور وہ اس سلسلے میں 3 سے 4 دن پہلے کی طرح اب بھی پرامید ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر نے اسرائیل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ "اگر کوئی شیطان ہے تو وہ اسرائیل ہے، جس نے امریکہ کو بھی اس جنگ میں گھسیٹا ہے، اسرائیل کی انٹیلی جنس نے ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی اسٹیبلشمنٹ کو یہ جھوٹا یقین دلایا کہ ایران نیوکلیئر بم بنانے جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والا اور انہیں آپس میں لڑانے والا بھی "شاطر اسرائیل” ہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ پیچھے ہٹ جائے تو اسرائیل کی اتنی حیثیت نہیں کہ وہ مقابلہ کر سکے، وہ "ایران کے ڈیڑھ دن کی خوراک ہے

”پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پوری دنیا میں بڑھ رہی ہیں، جس سے صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ "کیا دنیا بھر میں مہنگائی کا ذمہ دار پاکستان ہے؟”رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ نہ تو ایران امریکہ جنگ پاکستان نے شروع کرائی ہے اور نہ ہی پاکستان اسے اکیلے ختم کرا سکتا ہے، البتہ امن کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے