بیروت میں امریکی سفارت خانے کے سامنے فائرنگ، بغداد میں بڑے احتجاجی مظاہرے

بیروت / بغداد (مانیٹرنگ ڈیسک) لبنانی دارالحکومت بیروت میں امریکی سفارت خانے کے اطراف غیر معمولی سرگرمیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ روسی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سفارت خانے کی جانب تیزی سے بڑھتے ہوئے ٹرک دیکھے گئے اور کچھ دیر بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

ابھی تک واقعے کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں، تاہم سکیورٹی حکام کی طرف سے علاقے میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے اور قریبی سڑکوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

ادھر عراق کے دارالحکومت بغداد میں بھی امریکی سفارت خانے کے باہر بڑے مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ‌ ای کے قتل کے بعد عوامی غم و غصے کی شدت نے مظاہرین کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے گرین زون کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز نے کنٹرول کے لیے اضافی نفری تعینات کی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مظاہرین نعرے بازی کر رہے تھے اور بعض مقامات پر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ بغداد میں مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور ایرانی سپریم لیڈر کے حق میں نعروں کا سلسلہ جاری رہا۔ حکام نے عوام سے پرامن احتجاج کرنے کی ہدایت کی ہے، لیکن صورتحال اب بھی کشیدہ ہے اور علاقے میں موجود غیر ملکی سفارت خانوں کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

یہ مظاہرے اور بیروت میں غیر معمولی سرگرمیاں اس خطے میں کشیدگی کے بڑھنے کی واضح علامت ہیں، اور تجزیہ کاروں کے مطابق اگلے چند دنوں میں صورتحال میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے