اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی وفات اور ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔
اتوار کے روز کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر احتجاج کے دوران فائرنگ کے واقعے میں کم از کم نو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مشتعل مظاہرین نے گلگت اور سکردو میں اقوامِ متحدہ کے دفاتر کو بھی نذرِ آتش کر دیا، جس کے نتیجے میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب اسلام آباد، لاہور، پشاور، آزاد کشمیر اور دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ کئی مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ حالات پر قابو پانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی گئی ہے، جبکہ واقعات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔