تہران: ایران کے تاریخی شہر اصفہان میں ہزاروں افراد نے سپریم لیڈر خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ شہری مختلف علاقوں سے مرکزی اسکوائر کی جانب پہنچے اور ہاتھوں میں بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر شہید لیڈر کے لیے محبت اور عقیدت کے پیغامات درج تھے۔
ایران کے سرکاری انگریزی چینل پریس ٹی وی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ شہر کے مشہور نقشِ جہان اسکوائر میں جمع ہیں۔ عوام نعرے بازی کر رہی تھی اور مختلف تعزیتی فلک شگاف تقریبات میں حصہ لے رہی تھی۔ ویڈیو میں تعزیتی ریلی میں شریک مرد و خواتین کو خامنہ ای کے پورٹریٹ اور ایرانی پرچم اٹھائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مظاہرین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم لیڈر کی شہادت ایران کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے اور وہ ہر ممکن طریقے سے ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے متحد ہیں۔ شہر کے مرکزی راستے اور سڑکیں اس دوران انسانی سمندر سے بھر گئی تھیں، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔
ایران کے دیگر شہروں کی طرح اصفہان میں بھی حکومت نے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے تاکہ تعزیتی ریلی پرامن انداز میں جاری رہ سکے۔ اس موقع پر مذہبی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور لوگوں سے صبر و استقامت کا درس دیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے شام تک سڑکوں پر رہ کر مختلف دعائیہ اور تعزیتی تقریبات میں حصہ لیا، جس سے ملک میں خامنہ ای کے لیے عوامی جذبات کی شدت واضح ہوئی۔