فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کی وحشیانہ کارروائی، بلوچ خاندان کے افراد خواتین و بچوں سمیت ہلاک، گھر نذر آتش۔

بلوچستان: فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے خواتین و بچوں سمیت بلوچ خاندان پر وحشیانہ حملہ کر کے چھ افراد کو قتل اور گھر نذر آتش کر دیا۔

تحصیل بلیدہ کے علاقے میناز میں پیش آنے والے اس دلخراش واقعے میں مسلح دہشت گردوں نے گھر پر مارٹر گولہ اور فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس واقعے میں مسلح دہشت گرد نہ صرف انسانی زندگی کی حرمت کو پامال کرتے ہیں بلکہ بلوچ روایات اور انسانی اقدار کو بھی پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ حملے میں بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جانا، کسی نظریے یا مقصد کی علامت نہیں بلکہ بزدلی اور شکست خوردہ ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔

سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا نہتے شہریوں کو زندہ جلانا، گھروں کو تباہ کرنا اور خوف پھیلانا دہشت گردوں کا واحد ایجنڈا ہے؟ ایسے عناصر نہ تو کسی کاز کے نمائندے ہیں اور نہ ہی بلوچ شناخت کے قابل ہیں، بلکہ یہ اپنی ہی سرزمین کے معصوم بیٹوں اور بیٹیوں کے قاتل ہیں۔

انسانیت کے قاتلوں کو بے نقاب کرنا اور متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کا مطالبہ کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ اس دلخراش واقعے نے ایک بار پھر بلوچستان میں دہشت گردی کے خطرات اور شہریوں کی حفاظت کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے