اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پارلیمنٹیرینز کل دوپہر 12 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران وہ 17 مرتبہ اسلام آباد ہائی کورٹ اور 14 مرتبہ سپریم کورٹ جا چکے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کا ایک ہی مطالبہ یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز جلد سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں۔ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی تک وکلا، اہلِ خانہ اور ڈاکٹر کو رسائی دینے کی درخواست دائر کی گئی ہے، جبکہ علاج سے متعلق دوسری درخواست بھی سپریم کورٹ میں فائل کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سینئر وکیل لطیف کھوسہ کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواست بذریعہ ڈاک جمع کرائی گئی، جس پر رجسٹرار کی طرف سے پیغام ملا کہ درخواست پر کارروائی کی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں القادر اور توشہ خانہ کے مقدمات تاحال زیر التوا ہیں۔ القادر کیس میں 17 جنوری 2025 کو سزا سنائی گئی تھی، جبکہ جوڈیشل پالیسی کے مطابق 35 سے 60 دن میں فیصلہ ہونا چاہیے تھا، تاہم ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود کیسز سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ بشریٰ بی بی کے کیسز بھی تاحال مقرر نہیں ہوئے۔ آج وزیر اعلیٰ نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی عدالت میں روسٹرم پر جا کر کیس مقرر کرنے کی درخواست کی، تاہم چیف جسٹس کی جانب سے مثبت ردِعمل نہیں ملا۔ رجسٹرار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کیس کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں مقرر کر دیا جائے گا۔