اسلام آباد: عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیشرفت، عدالت نے مکمل چالان جمع کروانے کی مہلت دے دی
بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں بانی عمران خان اور دیگر کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان کے خلاف 5 مارچ تک مکمل چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
سماعت میں پاکستان تحریک انصاف کے سی ایف او سراج احمد اور نجی بینک کے ملازم فیصل قاضی بھی شامل تفتیش ہوئے۔ عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ کے روبرو اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک نے بتایا کہ کیس میں پہلے جزوی چالان جمع ہوچکا ہے، اور اب دو نئے ملزمان بھی تفتیش میں شامل ہو چکے ہیں، لہٰذا مکمل چالان عدالت میں جمع کروایا جائے گا۔
جج نے استفسار کیا کہ مکمل چالان جمع کروانے کے لیے کتنی مہلت درکار ہے، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے 10 سے 15 دن کی درخواست کی۔ بعد ازاں عدالت نے 5 مارچ تک مکمل چالان جمع کروانے اور ملزمان کی عبوری ضمانت برقرار رکھنے کی ہدایت دی اور سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔