اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) رانا ثناء اللہ نے اعتراف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو دو مرتبہ ڈیل کی پیشکش کی گئی، تاہم عمران خان کسی بھی قسم کی ڈیل کے لیے تیار نہیں ہوئے جبکہ حکومت ان کی شرائط پوری کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق عمران خان سے سنجیدہ مذاکرات کی کوشش پہلی مرتبہ 26 نومبر سے قبل اور بعد میں علی امین گنڈاپور اور محسن نقوی کے ذریعے کی گئی، تاہم اس کا کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آ سکا۔
رانا ثناء اللہ نے مزید بتایا کہ دوسری مرتبہ دسمبر 2024 میں بیرونِ ملک سے آئے کچھ افراد نے عمران خان سے رابطے کر کے معاملات آگے بڑھانے کی کوشش کی، مگر یہ کوشش بھی ناکام رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مؤقف میں لچک نہیں اور حکومت ایسی شرائط قبول نہیں کر سکتی جو حکومتی دائرہ کار سے باہر ہوں۔