متحدہ عرب امارات کی سلامتی پاکستان کی سلامتی کا لازمی جزو ہے، فیلڈ مارشل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی جزو ہے، اور دونوں برادر ممالک ایک دوسرے کے امن، ترقی اور استحکام سے جڑے ہوئے ہیں۔

یہ بات انہوں نے متحدہ عرب امارات کے نائب حکمراں اور مشیرِ قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران کہی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور شیخ طحنون بن زاید النہیان کے درمیان یہ ملاقات ابوظبی میں ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور، دوطرفہ تعاون، خطے کی مجموعی صورتِ حال اور سلامتی سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ متحدہ عرب امارات کا استحکام نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے انتہائی اہم ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون مشترکہ سکیورٹی مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کی مستقل حمایت پر اماراتی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون دونوں برادر ممالک کے گہرے تاریخی تعلقات، باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار کا مظہر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان میں معاشی اور سماجی ترقی کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کی قیادت کے تعمیری کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ اماراتی سرمایہ کاری اور تعاون نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دریں اثنا، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون بالخصوص معیشت، سرمایہ کاری اور سلامتی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے خطے کی موجودہ صورتحال، امن و سلامتی کے فروغ اور رابطوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے درمیان مسلسل روابط اور تعاون خطے میں استحکام، ترقی اور دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے