بنگلا دیش کے عام انتخابات میں بی این پی کی دو تہائی اکثریت، نئی سیاسی دور کا آغاز

ڈھاکا (آن لائن رپورٹ) بنگلا دیش میں منعقد ہونے والے تاریخی عام انتخابات میں بنگلادیشن نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

مقامی ٹی وی چینلز کے مطابق بی این پی کی قیادت میں قائم اتحاد نے 300 رکنی پارلیمنٹ میں 209 نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کر لی۔ یہ انتخابات 2024 میں حکومت مخالف تحریک کے بعد پہلی بار منعقد ہوئے، جس کے نتیجے میں طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والی شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا۔ ملک میں سیاسی استحکام کی بحالی کے لیے اس انتخاب کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا تھا۔

بی این پی کے سربراہ اور وزارتِ عظمیٰ کے مضبوط امیدوار طارق رحمان نے اپنی نشست سے کامیابی حاصل کی۔ پارٹی نے انتخابی فتح کے بعد کارکنان سے جشن منانے کے بجائے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

بی این پی کے انتخابی منشور میں غریب خاندانوں کے لیے مالی امداد، وزیر اعظم کے عہدے کی مدت کو 10 سال تک محدود کرنا، غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنانا اور بدعنوانی کے خاتمے کے اقدامات شامل ہیں۔

دوسری جانب جماعتِ اسلامی بنگلا دیش کے امیر شفیق الرحمان نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ جماعت کی قیادت میں اتحاد کو 68 نشستیں حاصل ہوئیں۔ تاہم انہوں نے ووٹوں کی گنتی کے عمل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی شفافیت پر تحفظات بھی ظاہر کیے۔

معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ، جو اس وقت بھارت میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں، نے انتخابات کو “منصوبہ بند ڈرامہ” قرار دیتے ہوئے نتائج مسترد کر دیے۔ ان کی جماعت عوامی لیگ کو اس بار انتخاب لڑنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے غیر سرکاری اندازوں کے مطابق ووٹر ٹرن آؤٹ 60 فیصد سے زائد رہا، جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

انتخابات کے ساتھ آئینی اصلاحات پر ریفرنڈم بھی منعقد کیا گیا، جس میں دو مدت کی حد، غیر جانبدار نگران حکومت کا قیام اور خواتین کی نمائندگی میں اضافے سمیت کئی تجاویز شامل تھیں۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق اکثریت نے ان اصلاحات کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ انتخاب بنگلا دیش کی سیاست میں ایک نئے دور کے آغاز کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے