ایران پر ممکنہ نئے حملوں کے تناظر میں امریکی وزیرِ جنگ کا اسرائیل کا اچانک دورہ

یروشلم: امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے پیر کے روز اسرائیل کا اچانک دورہ کیا اور وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی۔

امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے امکان پر بات چیت جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملاقات جنوبی اسرائیل میں واقع عوفدا فضائی اڈے پر ہوئی، تاہم ملاقات کے ایجنڈے اور زیرِ بحث امور کی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

ایکسیوس کی سابقہ رپورٹ کے مطابق امریکی مرکزی کمان کو ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ممکنہ اہداف میں ایرانی جوہری تنصیبات، توانائی کا بنیادی ڈھانچہ اور دیگر اہم مقامات شامل بتائے گئے ہیں۔

یہ دورہ اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے صرف 8 روز قبل ہوا ہے۔ اس پیش رفت کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کے خلاف ممکنہ امریکی و اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کسی حتمی فیصلے یا حملوں کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے