اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف منگل کو ایمرجنسی کے بعد پہلی بار پشاور کا دورہ کریں گے، جہاں وہ خیبر پختونخوا کی سکیورٹی، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی امور پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان، انتظامی معاملات اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والے اجلاس میں صوبے کو درپیش اہم مسائل، امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی پشاور جائیں گے۔
اجلاس میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں سمیت صوبے کے انتظامی معاملات اور حالیہ پیش رفت پر بھی غور کیا جائے گا۔