مکہ مکرمہ: سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے مکہ مکرمہ کی حدود میں واقع ایک مسجد میں غیر اخلاقی حرکات کے جرم میں سزا پانے والے بنگلہ دیشی مرد اور خاتون کو سزائے موت دیے جانے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سزائے موت پانے والے افراد کی شناخت نظر الاسلام عبدالبصیر اور سیتی اختر کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں کو مسجد کے تقدس کی پامالی اور غیر اخلاقی اقدام کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمہ مجاز عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے جرم کی نوعیت، مسجد کے تقدس کی پامالی اور دیگر حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ملزمان کو تعزیری طور پر سزائے موت سنائی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ متعلقہ اپیلوں اور اعلیٰ عدالتی فورمز سے فیصلے کی توثیق کے بعد سزاؤں پر عمل درآمد کے لیے شاہی فرمان جاری کیا گیا۔
سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق بدھ 14 اکتوبر کو مکہ مکرمہ کے علاقے میں دونوں افراد کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا۔
وزارتِ داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب مساجد اور مقدس مقامات کی حرمت و سلامتی کے تحفظ اور اسلامی قوانین کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔