پاکستان اور عمان کا تجارت، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کرتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، بحری امور، رسد، زراعت، صنعت، توانائی، افرادی قوت کی نقل و حرکت، تعلیم، انسانی وسائل کی ترقی، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، ذرائع ابلاغ اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے عوامی روابط مضبوط بنانے، افرادی قوت کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرنے اور کاروباری وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

اسحاق ڈار نے طے شدہ فیصلوں پر بروقت عمل درآمد کے لیے ادارہ جاتی رابطوں اور مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کے درمیان مسلسل مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔

عمان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے