خامنہ ای کے بعد ایران کے بکھرنے کی امریکی توقع سنگین غلطی تھی، پاسدارانِ انقلاب

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر بریگیڈیئر جنرل یداللہ جوانی نے کہا ہے کہ امریکا نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایرانی نظام کے خاتمے کی توقع لگا کر سنگین غلطی کی۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ سیاسی امور کے نائب سربراہ یداللہ جوانی کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے استحکام اور بحرانوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا درست اندازہ لگانے میں ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی حکمتِ عملی مرتب کرتے وقت ایرانی معاشرے کی زمینی حقیقتوں کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ واشنگٹن نے یہ سمجھنے میں غلطی کی کہ سپریم لیڈر کی شہادت کے بعد ایرانی نظام کمزور ہو کر بکھر جائے گا۔

یداللہ جوانی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے سے پہلے بھی امریکا ایران پر مسلسل دباؤ ڈالتا رہا، تاہم ایرانی قیادت کی ثابت قدمی اور مضبوط ردعمل کے باعث امریکی کوششیں اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں۔

واضح رہے کہ 28 فروری 2026 کو امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای، عسکری قیادت اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت متعدد اہم شخصیات ہلاک ہو گئی تھیں۔ بعد ازاں ان کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر مقرر کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے