اسلام آباد: خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کی قانونی ٹیموں نے گورنر راج سمیت مختلف آئینی و قانونی آپشنز پر غور کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورت کے دوران فاروق ایچ نائیک اور وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے گورنر راج کے ممکنہ نفاذ سے متعلق درکار قانونی و آئینی تقاضوں کا جائزہ لیا۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان نے بھی قانونی مشاورت میں معاونت فراہم کی۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال کے حوالے سے وفاقی سطح پر پہلے بھی گورنر راج، ایمرجنسی سمیت مختلف آئینی آپشنز پر غور کیا جا چکا ہے، تاہم دستیاب رپورٹس کے مطابق کسی حتمی اقدام کا اعلان نہیں کیا گیا۔