تہران: ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے حوالے سے فیصلہ اب واشنگٹن کے ہاتھ میں ہے، جبکہ تہران کو موجودہ امریکی انتظامیہ پر اعتماد نہیں ہے۔
روسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران نے اپنی تجاویز پر امریکی جواب کے حوالے سے ابتدائی ردعمل دے دیا ہے۔ ان کے مطابق تہران نے قطر اور پاکستان سمیت ثالثوں کے ذریعے اپنی تجاویز امریکا تک پہنچائی ہیں۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کو واشنگٹن پر اعتماد نہیں اور موجودہ امریکی انتظامیہ پر اعتماد نہ کرنے کی کئی وجوہات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران تمام محاذوں پر جنگ بندی کے لیے ٹھوس ضمانتوں کا خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایرانی تجاویز میں منجمد ایرانی اثاثوں کی رہائی اور بحری و اقتصادی ناکہ بندی کے خاتمے کی ضمانتیں بھی شامل ہیں۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اگر امریکا اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرتا ہے تو ایران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول سکتا ہے۔