راولپنڈی: پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان اور ازبکستان کی خصوصی افواج کی مشترکہ مشق ایٹرنل برادرہُڈ 5 ازبکستان میں منعقد ہوئی، جس میں پانچ ممالک کے دستوں نے شرکت کی، جبکہ قازقستان نے مبصر ملک کی حیثیت سے حصہ لیا۔
کثیر ملکی خصوصی افواج کی یہ مشق 13 سے 25 ستمبر 2026 تک جاری رہی، جس کا مقصد شریک ممالک کی خصوصی افواج کے درمیان تعاون، رابطہ کاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔
مشق کے دوران شریک افواج نے جدید کارروائیوں اور جنگی حکمت عملیوں سے متعلق عملی تجربات اور معلومات کا باہمی تبادلہ کیا۔
شریک خصوصی افواج نے مختلف سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے اپنے تجربات بھی ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیے، جبکہ جدید فوجی کارروائیوں اور جنگی حکمت عملیوں کے حوالے سے باہمی رابطہ کاری کو فروغ دیا گیا۔
ایٹرنل برادرہُڈ 5 مشق شریک ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی اور سکیورٹی تعاون، باہمی اعتماد اور فوجی تعلقات کے استحکام کی عکاسی کرتی ہے۔