ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں پولیس چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارود سے بھری گاڑی پولیس چیک پوسٹ سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں انتہائی شدید دھماکا ہوا۔ ریسکیو 1122 اور پولیس ذرائع نے واقعے کی ابتدائی طور پر تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شہید ہوا، جبکہ پولیس اور کسٹمز اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں انسدادِ سمگلنگ چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملے کی ذمہ داری اور اس میں ملوث عناصر کے حوالے سے حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے میں نگرانی اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔