پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے مشاورت ہوئی ہے اور اس کا امکان موجود ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین میں گورنر راج کے نفاذ کی گنجائش موجود ہے۔ صوبے میں امن و امان، لاقانونیت اور دہشت گردی سمیت مختلف مسائل درپیش ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے پر مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی کے مجوزہ لانگ مارچ کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مارچ کے لیے واضح تیاری نظر نہیں آرہی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے بعض ارکان گرفتاریاں دے رہے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ تحریک انصاف آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس سے متعلق مجوزہ قانون پر بھی اعتراضات اٹھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پولیس کے نظام پر مزید اختیار حاصل کرنا چاہتی ہے اور آئی جی، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کی تقرریوں سے متعلق اختیارات بھی اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ ایسے اقدام کے خلاف کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے صوبے کی موجودہ صورتحال میں امن و امان کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔