نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر لبنانی وزیراعظم نواف سلام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور خطے کی مجموعی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کی خودمختاری، سیاسی آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے فوری طور پر مخاصمت کے خاتمے، جنگ بندی کے انتظامات پر سختی سے عملدرآمد، مقبوضہ لبنانی علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا۔
ملاقات میں اعلیٰ سطحی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے طریقوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون اور رابطہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔