نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان سے دوطرفہ ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر بنگلہ دیش کو مبارکباد دی اور اقوام متحدہ کے مقاصد کے فروغ کے لیے بنگلہ دیش کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے باہمی مفاد پر مبنی پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔
دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ میں مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔