نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
جاسم محمد البدیوی نے خلیج تعاون کونسل اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کی قریبی شراکت داری کو بھی تسلیم کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔