اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار، نوجوانوں کی تنظیموں کے سربراہان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے تجاویز دینے اور پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے خادم کی حیثیت سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور وظائف فراہم کرنے جبکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا گیا تھا، وہ بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوان اپنے علم، تجربے اور صلاحیتوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، اس لیے ان کی تجاویز اور تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔