پی سی بی نے بھارت کے خلاف میچ بائیکاٹ پر آئی سی سی کو جواب دے دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر جواب دے دیا

ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی کو خط بھیجا تھا، جس میں دہرے معیار پر اعتراض اٹھایا گیا۔

پی سی بی نے آئی سی سی کے خط کا جواب دیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ہی واضح کرے گی کہ پی سی بی نے خط میں کیا موقف پیش کیا۔

آئی سی سی نے مسئلے کے حل کے لیے دیگر کرکٹ بورڈز سے بھی رابطہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی متعدد وجوہات ہیں، جن میں بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ رویہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت پاکستان نے اس فیصلے پر بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے جانبدارانہ اقدامات نے انڈین کرکٹ کونسل کا درجہ دے دیا ہے اور انصاف و برابری کے اصول متاثر ہوئے ہیں۔ ایک ملک کے لیے ایک معیار اور دوسرے کے لیے دوسرا معیار اپنانا ناانصافی پر مبنی ہے، اسی لیے احتجاج درج کروانا ضروری تھا۔

دوسری جانب سری لنکا کرکٹ بورڈ نے پی سی بی سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق پاکستان کے بائیکاٹ کے اعلان سے سری لنکا کے ٹورازم سیکٹر کو نقصان پہنچا اور کئی فینز نے ہوٹلز کی بکنگ منسوخ کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے