ریاض: سعودی عرب کے یومِ تاسیس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جہاں دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں قومی پرچم کے رنگوں سے عمارتوں کو سجا دیا گیا اور فضا جشن کے نعروں سے گونج اٹھی۔
مرکزی تقریبات میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ شاہراہوں، تجارتی مراکز اور تاریخی مقامات کو بھی خصوصی طور پر آراستہ کیا گیا۔
سعودی عوام پہلی سعودی ریاست کے قیام کے 300 سال مکمل ہونے پر اس تاریخی دن کو بھرپور جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔
ملک بھر میں ثقافتی پروگرامز، روایتی رقص، موسیقی کی محافل اور عوامی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے جن میں نوجوانوں اور خاندانوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔
یومِ تاسیس کو قومی سطح پر منانے کی منظوری سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے 2022 میں دی تھی، جس کے بعد ہر سال 22 فروری کو اس دن کو سرکاری سطح پر منایا جاتا ہے۔

حکومت کی جانب سے آج عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے تاکہ شہری قومی تاریخ کے اس اہم باب کو بھرپور انداز میں یاد کر سکیں۔
تاریخی طور پر پہلی سعودی ریاست کی بنیاد امام محمد بن سعود نے 1744 میں رکھی تھی، جسے سعودی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت حاصل ہے۔
اسی مناسبت سے یومِ تاسیس کے موقع پر خصوصی شوز، ثقافتی مظاہرے اور تاریخی جھلکیاں پیش کی جا رہی ہیں، جہاں سعودی فنکار اور نوجوان قومی ورثے اور ثقافت کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔