تہران: ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قانی نے یمن پر گزشتہ 11 برس سے جاری ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے سعودی عرب پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔
اپنے بیان میں جنرل اسماعیل قانی نے کہا کہ یمن کے مظلوم عوام پر عائد ناکہ بندی کا خاتمہ ایک جائز، انسانی اور اخلاقی مطالبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کو اپنے ماضی کے غیر دانشمندانہ اور مہنگے اقدامات، نیز امریکہ کے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد آبادی والے مسلم ملک پر عائد پابندیوں اور ناکہ بندی کا خاتمہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان سعودی عرب سے، جو خود کو حرمین شریفین کا خادم قرار دیتا ہے، یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ ایک مظلوم مسلمان قوم کے خلاف جنگ اور دباؤ جاری رکھنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو فلسطینی عوام کی حمایت اور اسرائیلی حکومت کے اقدامات کا مقابلہ کرنے پر صرف کرے۔
جنرل اسماعیل قانی کے مطابق، غزہ کے مظلوم عوام کی مدد اور حمایت باعثِ افتخار ہے، جبکہ یمن کے عوام پر جاری ناکہ بندی کو برقرار رکھنا کسی طور قابلِ فخر عمل نہیں۔