اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر ہونے والے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان گزشتہ رات سعودی عرب کے خلاف کیے گئے کھلے اور واضح حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اس طرح کی قابل مذمت کارروائیاں سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، جو خطے میں امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور اس نازک وقت میں برادر ملک کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی اور مضبوط ہیں، اور پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی احترام کو فروغ دینے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام ممالک کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو۔