چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ہیں، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترکیہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جو پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر تھا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں میں مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کوفروغ دینے کیلئے مشترکہ ویژن پر زور دیا گیا ۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ان کی ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو سے تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں افواج سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بایراکتار اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا ’ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل‘ عطا کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکل نے ان کا استقبال کیا۔
دورہ ترکیہ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مصطفیٰ کمال اتاترک کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کا بھی اعتراف کیا۔