اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر سری لنکا کے وزیرداخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی۔
جس میں دو طرفہ سیکیورٹی تعاون کے مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے مؤثر کوآرڈینیشن بڑھانے اور پولیس ٹریننگ کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور جعلی پاسپورٹ پر سفر کی روک تھام کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر طے پایا کہ دونوں ممالک کے امیگریشن اداروں کے سربراہان باقاعدہ رابطے میں رہیں گے تاکہ باہمی تعاون کو مؤثر بنایا جا سکے۔
ملاقات میں جرائم پیشہ نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور ویزا سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔