فورسز کی بروقت کارروائی، فتنۃ الہندوستان کا بڑا منصوبہ خاک میں مل گیا

اسلام آباد: بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کی جانب سے 12 مختلف مقامات پر کیے گئے منظم حملے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیے۔ کلیئرنس اور جوابی آپریشنز کے دوران 92 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، تاہم مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے 15 بہادر جوان شہید اور 18 معصوم شہری جاں بحق ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 31 جنوری 2026 کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں نے کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، پنجگور، تمپ، گوادر اور پسنی میں امن و امان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ان حملوں کا مقصد بلوچستان کے عوام کی زندگیوں کو متاثر کرنا اور صوبے کی ترقی کو سبوتاژ کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے گوادر اور خاران میں معصوم شہریوں پر حملے کیے، جن میں خواتین، بچے، بزرگ اور مزدور شامل تھے، جس کے نتیجے میں 18 شہری شہید ہوئے۔ فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دو خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور مقامی آبادی کو محفوظ رکھا۔

بدقسمتی سے شدید جھڑپوں اور کلیئرنس آپریشنز کے دوران 15 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں اور ان حملوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اعلامیے میں انٹیلی جنس رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ حملے پاکستان سے باہر موجود دہشت گرد سرغناؤں کی ہدایات پر کیے گئے جو براہِ راست حملہ آوروں سے رابطے میں تھے۔

واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل پنجگور اور ہرنائی میں کارروائیوں کے دوران 41 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے، یوں دو دن میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 133 ہو چکی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی تاکہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

دریں اثنا شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، کور کمانڈر بلوچستان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہدا کو سلام عقیدت پیش کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے