لاہور: پنجاب حکومت نے ٹیکس چوری کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے میرج ہالز اور ریسٹورنٹس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جس میں ٹیکس وصولی کے نظام کو ڈیجیٹل اور شفاف بنانے پر زور دیا گیا۔
پنجاب حکومت نے میرج ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لیے جدید کیمرہ سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض ریسٹورنٹس میں کیش کی بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو لازمی بنانے پر بھی غور کیا جارہا ہے، جبکہ جعلی رسیدیں جاری کرنے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ٹیکس چوری پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، اورجدید کیمرہ سسٹم کے ذریعے نگرانی سے ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائےگا،ڈیجیٹل سسٹم نہ صرف نگرانی کرے گا بلکہ ٹیکس چوری کی نشاندہی میں بھی مدد دے گا۔
اجلاس میں مالی سال 2026-27کےلیے 528.5 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا،جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی وصولی 250 ارب سے بڑھکر 346 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے،جس میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار 10 سےبڑھا کر 26 اضلاع تک وسیع کردیا گیا ہے،جبکہ ادارے میں انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، ٹیکس پیئر آڈٹ اور لیگل ونگ بھی قائم کیے جا چکے ہیں
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی آر اے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیاجائے، انفورسمنٹ اور انسانی وسائل میں اضافہ کیا جائے، اور ٹیکس آگاہی کے لیے میڈیا ونگ کو مزید فعال بنایا جائے۔